صدر آصف علی زرداری اور شاہ عبداللہ دوم کی اہم ملاقات، شاہ اردن کو نشانِ پاکستان کا اعزاز

image

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین نے ایوانِ صدر میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اردن کے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے شاہ اردن کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان عطا کیا۔

ایوانِ صدر کے مطابق، صدر آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کا پرتپاک استقبال کیا۔ شاہی وفد میں شہزادہ غازی بن محمد، نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ ایمن الصفادی اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میجر جنرل یوسف حنیطی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران خاتون اول محترمہ آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔

دونوں رہنماؤں نے سیاسی، معاشی، دفاعی اور ثقافتی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان اور اردن کے درمیان عوامی روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، خصوصاً مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام اور غزہ کی تازہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے جبری بے دخلی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دو ریاستی حل کی حمایت اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر 1967ء سے قبل کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کے بعد پروقار تقریب میں صدر آصف علی زرداری نے شاہ عبداللہ دوم کو نشانِ پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز عطا کیا۔ جواباً شاہ اردن نے صدر پاکستان کو اردن کا اعلیٰ ترین اعزاز “وسام النہضۃ المرصع” — (جواہرات سے مزین آل نہدہ کا گرینڈ کارڈن) — عطا کیا، جو دنیا کے منتخب سربراہان کو دیا جاتا ہے۔

تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، کابینہ کے ارکان اور سفارتی کور نے شرکت کی۔

تقریب کے بعد ایوانِ صدر میں شاہ اردن کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت شریک ہوئی۔

دونوں ممالک نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اور اردن آئندہ بھی دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US