پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئی ذمہ داری دے دی ہے اور اب وہ پاکستان کی شاہین اور انڈر 19 ٹیم کے معاملات کو پوری طرح سے دیکھیں گے۔
پی سی بی ذرائع نے بتایا سرفراز خود بھی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ سرفراز اب شاہین کے اور انڈر 19 کے سارے معاملات دیکھیں گے جن میں کھلاڑیوں کی کوچز کی اور سپورٹ اسٹاف کی پرفارمنسز شامل ہیں جبکہ وہ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کو بھی اپنی رائے سے آگاہ کرتے رہیں گے کہ دونوں ٹیموں کے لیے اور کیا بہتر کیا جاسکتا ہے۔
شاہین ٹیم نے کل بھارت کی اے سائیڈ کو ہرا کر پاکستان میں کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے فتح حاصل ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ محسن نقوی خود چاہتے تھے کہ سرفراز خود نوجوان کھلاڑیوں کی پیشرفت پر گہری نظر رکھیں کہ کسی کھلاڑی کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو۔
سرفراز اب تک کرکٹ معاملات پر چیئرمین کے مشیر کی حیثیت سے بورڈ میں کام کرتے رہے۔