نام پی این آئی ایل میں شامل، وزیرِاعلیٰ کے پی سمیت پی ٹی آئی قیادت بیرون ملک نہیں جاسکتی

image

وفاقی حکومت نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سمیت پی ٹی آئی کے متعدد کلیدی رہنماؤں کے نام پرووژنل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ (پی این آئی ایل) پر ڈال دیے ہیں جس کے باعث وزیرِاعلیٰ محمد سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت بیرون ملک سفر نہیں کرسکتی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا کے متعدد اہم سیاسی رہنماؤں کے نام پی این آئی ایل میں شامل کیے جانے کے بعد ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی، صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی، پاکستان تحریکِ انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سمیت کئی دیگر رہنماؤں کے نام بھی فہرست میں ڈال دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق متعدد رہنماؤں کو اس بات کا علم بھی نہیں تھا کہ ان کا نام لسٹ میں شامل ہے اور یہ حقیقت اس وقت سامنے آئی جب وہ بیرون ملک سفر کی کوشش کر رہے تھے۔ حکومتی ریکارڈ کے مطابق متعدد پی ٹی آئی رہنما اسی مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ امجد علی، سینیٹر اعظم سواتی اور دیگر رہنماؤں کو بھی بیرون ملک سفر سے متعدد بار روکا گیا ہے کیونکہ ان کے نام بھی اسی فہرست میں شامل ہیں۔

اس سے قبل سابق وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا گیا تھا جس کے باعث وہ بیرون ملک نہیں جاسکے تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنمائوں کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا گیا ہے، تاہم اب تک انہیں اس حوالے سے ریلیف نہیں مل سکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US