وزیراعظم شہباز شریف نے ایک روزہ دورے کے دوران کراچی کینٹ اسٹیشن اور شالیمار ایکسپریس کی جدید سہولیات سے آراستہ اپ گریڈیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کینٹ اسٹیشن کی تزئین و آرائش بہترین انداز میں کی گئی ہے مسافروں کے لیے جدید انتظار گاہیں، ڈائننگ روم اور خودکار ٹکٹ سسٹم فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شالیمار ایکسپریس کی فرسٹ کلاس اور اکانومی کلاس ٹرین کو مکمل طور پر نیا بنایا گیا ہے اور یہ مسافروں کے لیے ایک شاندار تجربہ ثابت ہوگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے اور ریلوے اسٹیشن کی صفائی ستھرائی کراچی ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر لانے کے لیے وفاق اور حکومت سندھ اشتراک کر رہی ہیں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں اصلاحات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ شالیمار ایکسپریس اور کراچی اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے لیے وزیراعظم کی رہنمائی قابلِ تعریف ہے گزشتہ آٹھ ماہ میں ریلوے میں کئی اصلاحات کی گئی ہیں اور دیگر اسٹیشنز پر بھی کام جلد شروع ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ ریلوے کی ترقی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں وفاق کے تعاون کے لیے ہمیشہ تیار ہے اور سکھر حیدرآباد موٹروے کو جلد مکمل کرنے میں مدد کی درخواست کی۔