خیبر پختونخوا میں شادی ہالز پر نئے فکس ریٹس نافذ

image

خیبر پختونخوا حکومت نے شادی ہال ٹیکس میں نمایاں اضافے کے بعد صوبے بھر میں نئے فکس ریٹس کا باقاعدہ نفاذ کردیا ہے۔

کے پی ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے مطابق شادی ہالز کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کرتے ہوئے ایونٹ کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جائے گا، جبکہ نیا نظام مالی ضروریات اور ریونیو میں اضافے کے تناظر میں صوبائی بجٹ کے تحت یکم جولائی سے نافذ کیا گیا ہے۔

کیپرا کے مطابق کیٹیگری اے کے شادی ہالز جن کی گنجائش 500 سے زائد مہمانوں پر مشتمل ہوتی ہے، کے فکس ٹیکس میں 100 فیصد اضافہ کر کے اسے 50 ہزار روپے فی ایونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو پہلے 25 ہزار روپے تھا۔ کیٹیگری بی میں 300 سے 500 افراد کی گنجائش رکھنے والے ہالز کے لیے فکس ٹیکس 20 ہزار روپے کردیا گیا ہے، جس میں 5 ہزار روپے کا اضافہ شامل ہے۔ کیٹیگری سی کے شادی ہالز پر ٹیکس برقرار رکھا گیا ہے اور ان سے بدستور 10 ہزار روپے فی ایونٹ وصول کیے جائیں گے۔

ترجمان کیپرا کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ہال فکس ٹیکس ادا نہیں کرتا تو اس سے 15 فیصد سروس ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق شادی ہال ٹیکس میں اضافہ صوبے کے مالی استحکام اور ریونیو بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس پر تمام متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کی سختی سے ہدایت جاری کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US