آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریکِ عدمِ اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ فیصل ممتاز راٹھور نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف پیش کی گئی تحریک پر ووٹنگ ہوئی۔ تحریک کے حق میں 36 جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ ڈالے گئے جس کے بعد تحریک بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔
تحریک عدم اعتماد پیپلز پارٹی کے ارکان سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید اور دیگر نے پیش کی تھی جبکہ متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام تجویز کیا گیا تھا۔
فیصل ممتاز راٹھور اوپن ووٹنگ کے ذریعے منتخب ہوکر آزاد کشمیر کے 16ویں وزیراعظم بن گئے۔
تحریک کی منظوری کے بعد سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی اور آئینی معاملات کی مکمل ذمہ داری صرف ایک فرد پر ڈالنا درست نہیں، کابینہ اور حکومتی ڈھانچہ بھی اس کا ذمہ دار ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے وزیراعظم کی حلف برداری کل متوقع ہے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود علالت کے باعث حلف نہیں لیں گے نئے وزیراعظم سے حلف اسپیکر چوہدری لطیف اکبر لیں گے۔