کراچی کے علاقے بھٹائی آباد میں کار پر موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے مرد جاں بحق جبکہ خاتون شدید زخمی ہوگئی۔
ملیر کینٹ تھانے کی حدود بھٹائی آباد میں جمالی روڈ پر کار پر فائرنگ کی گئی، پولیس کے مطابق کار پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی جو موقع سے فرار ہوگئے ہیں، فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا شخص جاں بحق، جبکہ ساتھ بیٹھی خاتون بھی شدید زخمی ہوئی ہے۔
جاں بحق شخص اور زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول تحویل میں لے لیے ہیں، واقعہ دشمنی کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت علی اصغر بجارانی کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کا بھائی بھی ماضی میں ہونے والے حملے میں جابحق ہوچکا ہے۔
ابتدائی اطلاع کے مطابق مقتول ریئیل اسٹیٹ کے کام سے وابستہ تھا، تاہم پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔