ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء اور اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی۔ یونیورسٹی میں ان کی آمد پر بھرپور خیرمقدم کیا گیا۔
نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے ملکی داخلی صورتحال، قومی سلامتی اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے طلباء کو سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا، مس انفارمیشن اور حقائق کی شناخت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
خصوصی نشست میں شریک طلباء اور اساتذہ نے کہا کہ یہ سیشن نہ صرف کئی ابہامات دور کرنے میں معاون ثابت ہوا بلکہ نوجوانوں کے نظریات پر مثبت اثر بھی ڈالا۔ اساتذہ نے کہا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں آج کا سیشن انتہائی مؤثر تھا اور طلباء نے بہت کچھ سیکھا۔
طلباء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نشست میں پاکستان کے ہر ضلع اور تحصیل سے طلباء موجود تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مس انفارمیشن سے متعلق سوالات کے مدلل اور تسلی بخش جوابات دیئے۔ ہم پاکستانی ہیں اور پاک آرمی ہم میں سے ہے۔ ہم مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔