کراچی میں ای چالان کے نظام نے شہریوں کے لیے نئی پریشانیاں پیدا کر دی ہیں۔ایک فائیو اسٹار ہوٹل کی 28 سال پرانی چوری شدہ گاڑی پر سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے الزام میں 10 ہزار روپے کا ای چالان موصول ہوا۔
تفصیلات کے مطابق یہ گاڑی (AAR-540) 22 مئی 1997 کو شارع فیصل کے قریب کار پارکنگ سے چوری ہوئی تھی اور اس کی ایف آئی آر صدر تھانے میں درج تھی۔ 28 سال گزرنے کے باوجود گاڑی برآمد نہیں ہو سکی مگر حال ہی میں اسی نمبر پلیٹ پر جرمانہ کراچی کے ہوٹل کے پتے پر آ گیا۔
مزید تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اصل چوری شدہ گاڑی مہران تھی جبکہ چالان آلٹو پر ہوا۔ یہ گاڑی بلوچستان سے کراچی آئی تھی اور حب ریور روڈ کے قریب ٹول پلازہ پر سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر چالان جاری کیا۔ چونکہ نمبر پلیٹ ہوبہو وہی تھی اس لیے چالان کراچی کے پتے پر پہنچ گیا۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں گاڑیوں کی رجسٹریشن آن لائن نہ ہونے کی وجہ سے اس طرح کے کیسز کراچی پولیس کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔