بلوچستان: چیک پوسٹ پر راکٹ حملہ، انچارج جاں بحق، مبینہ حملہ آور کا گھر اور گاڑی نذرآتش

image

قلعہ عبداللہ میں لیویز چیک پوسٹ پر راکٹ حملے کے نتیجے میں چوکی انچارج جاں بحق ہوگیا۔ مشتعل قبائلی مشران نے مبینہ حملہ آور کا گھر اور گاڑی نذر آتش کردی۔

لیویز حکام کے مطابق حملہ آوروں نے روکنے پر چوکی پر راکٹ فائر کیا جس کے نتیجے میں چوکی انچارج سعداللہ جاں بحق ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ فقیرا اچکزئی نامی شخص نے کیا، جو طویل عرصہ سے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔

واقعے کے بعد لیویز حکام اور سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد علاقے میں موجود ہے اور آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

دوسری جانب، شہید چوکی انچارج دفعدار ڈاکٹر سعداللہ کے قوم سے تعلق رکھنے والے مشتعل قبائلی عمائدین نے ردِعمل کے طور پر فقیرا اچکزئی کے گھر کو آگ لگادی اور کوئٹہ چمن شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردی ہے۔

اس دوران فقیرا اچکزئی نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے جس میں اس نے دعویٰ کیا ہے کہ لیویز چوکی کی جانب سے ان پر بلاوجہ فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں اس کے دو ساتھی جاں بحق اور دو زخمی ہوئے۔ اس نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کی ہے۔

لیویز حکام نے کہا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US