گرین لائن پر پنک بس کا افتتاح: خواتین کے لیے محفوظ اور جدید سفر کا آغاز

image

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں نمائش چورنگی کے مقام پر گرین لائن ٹریک پر پنک بسوں کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی بس سروس ہے جس میں خواتین کے لیے مخصوص بسیں چلائی جائیں گی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ نمائش سے سرجانی تک پنک بس سروس شروع ہو چکی ہے اور جلد اورنج لائن بی آر ٹی میں بھی خواتین کے لیے الگ بسیں چلائی جائیں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ہر بی آر ٹی بس سروس میں خواتین کے لیے مخصوص بسیں رکھی جائیں گی اور ای وی بسوں میں بھی خواتین کے لیے الگ اسپیس مختص کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ دنوں میں محکمہ ٹرانسپورٹ سے خوشخبریاں ملیں گی جن میں شارع فیصل پر ڈبل ڈیکر بسیں چلانا بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کے لیے بائیک فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ خواتین کو بااختیار بنانے اور ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم اور دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے صوبوں میں پنک بس سروس شروع کریں تاکہ خواتین کے لیے محفوظ اور سہل سفری نظام فراہم کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر حکومت سندھ کی دیگر سماجی اقدامات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 21 لاکھ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کے نام کیے گئے ہیں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے خواتین کو مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔

پنک بس سروس کے آغاز سے خواتین کے لیے بی آر ٹی کا سفر نہ صرف محفوظ بلکہ آسان اور آرام دہ بن جائے گا جس سے کراچی کے شہری ٹرانسپورٹ نظام میں جدت کا تجربہ حاصل کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US