پاکستان سپر لیگ کے فرنچائز ملتان سلطان کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو صاف الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ اگر ان کو آئندہ ہونے والی پی ایس ایل سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی تو ان کے پاس قانونی کارروائی کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہوگا۔
علی ترین نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل مینجمنٹ نے ان کو اور ان کی فرنچائز کو بالکل نظر انداز کیا ہوا ہے اور متعدد ای میلز کا جواب نہیں دے رہے ہیں۔
علی ترین نے بتایا کہ انہوں نے پی سی بی چیئرمین کو بھی ای میل کی لیکن اس کا بھی اب تک کوئی جواب نہیں آیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی نے ہمیں جو قانونی نوٹس بھیجا تھا اس کا بھی ہم نے جواب دیا لیکن اس پر بھی ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
علی ترین کے مطابق لاکھ کوششوں کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے اب تک ان کو یہ نہیں بتایا کہ ان کی فرنچائز کو کیوں اب تک نئی تشخص اور نئی قیمت کا لیٹر نہیں بھیجا گیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ دوسرے فرنچائزز نے بھی پی سی بی سے دریافت کیا ہے کہ آپ نے ملتان سلطانز کو کیوں لیٹر نہیں روانہ کیا تو کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
علی ترین نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جو بھی ان کے اور پی سی بی کے درمیان معاملات ہیں ان کو افہام و تفہیم سے بیٹھ کے طے کیا جائے لیکن اگر پی سی بی کا رویہ اسی طرح رہا تو ان کے پاس کوئی اور چارہ نہیں رہے گا سوائے اس کے کہ وہ قانونی کارروائی شروع کریں۔