ٹرمپ کا ایک اور نیا انکشاف: کون سی دھمکی نے پاک بھارت جنگ رکوائی؟

image

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوانے کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 350 فیصد ٹیرف کی دھمکی دے کر دونوں ممالک کو ایٹمی تصادم سے روک دیا تھا۔

سعودی عرب میں امریکا، سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت ایک ایسے مرحلے پر پہنچ چکے تھے جہاں ایٹمی ہتھیاروں کی بو آ رہی تھی۔

ٹرمپ کے مطابق انہوں نے دونوں ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ جنگ نہ روکیں تو امریکا ان پر 350 فیصد ٹیرف لگا دے گا اور تجارت مکمل طور پر بند کردے گا۔ انہوں نے کہا میں ایٹمی ہتھیار چلتے نہیں دیکھ سکتا لاکھوں لوگ مر جاتے اور نیوکلیئر ڈسٹ لاس اینجلس تک پہنچ جاتی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کے مشیروں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ایسا نہیں کر سکتے جس پر انہوں نے کہا کہ دیکھ لو، میں کر رہا ہوں۔ ان کے مطابق دھمکی کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں فون کرکے کہا کہ بھارت جنگ نہیں کرے گا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں فون کر کے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹرمپ نے لاکھوں افراد کی جانیں بچائیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ تنازعات کو حل کرنے میں مہارت رکھتے ہیں اور مختلف عالمی بحرانوں کو ختم کرنے میں ان کا کردار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک آٹھ جنگوں کو روک چکے ہیں جن میں سے پانچ صرف ٹیرف کی دھمکی سے ختم ہوئیں۔

دوسری جانب بھارت اس بیانیے سے اختلاف کرتا ہے اور اس بات کو قبول نہیں کرتا کہ جنگ بندی ٹرمپ کی دھمکی یا ثالثی کی وجہ سے ہوئی تھی۔ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں دیگر عالمی تنازعات، بشمول غزہ اور سوڈان، میں اپنی ممکنہ مداخلت پر بھی گفتگو کی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر یوکرین جنگ ختم نہ کروا سکنے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

امریکی صدر اپنے دورِ حکومت میں متعدد بار پاک بھارت تنازع میں کردار ادا کرنے کا دعویٰ کر چکے ہیں تاہم اس بار انہوں نے اسے350 فیصد ٹیرف کی دھمکی سے جوڑ کر ایک نئی وضاحت پیش کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US