راولپنڈی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے حکومت اور اسٹیبلشمنٹ پر شدید تنقید کی اور مجوزہ آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کیا۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو احتجاج کی کال علّامہ ناصر کی جانب سے دی گئی ہے، ہماری جانب سے کوئی کال نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ ناصر کی اپیل کے مطابق جمعہ کو ملک بھر میں سیاہ دن منایا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئین میں لائی جانے والی مجوزہ ترامیم غیر اسلامی اور آئینی و دینی اقدار کے منافی ہیں۔ علیمہ خان کے مطابق ملک کو ایک فاشسٹ اسٹیٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور چند مخصوص افراد کے فائدے کے لیے آئین میں تبدیلیاں لائی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں ایسی آئینی ایمیونٹی موجود نہیں جیسی یہاں دینے کی کوشش ہو رہی ہے۔ صدر، فیلڈ مارشل اور وزرائے اعظم کے لیے خصوصی تحفظات سمجھ سے بالاتر ہیں۔ ترمیم منظور ہوئی تو دارامتان جیل سے باہر آجائیں گے۔ اس ترمیم کا اصل فائدہ نواز شریف گروہ کو پہنچے گا۔
آخر میں علیمہ خان نے زور دیا کہ عوام اور مختلف طبقات کو آئینی ترامیم کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی تاکہ ملک کو ایک مخصوص طبقے کے ایجنڈے سے بچایا جاسکے۔