ٹیکسی سمیت لاپتہ ہونے والے ڈرائیور کی لاش چکوال سے برآمد

image

اسلام آباد کے تھانہ سنبل کی حدود سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کر دیا گیا۔

32 سالہ محمد رشید کی لاش واقعہ کے تیسرے روز چکوال کے ویرانے سے برآمد ہوئی۔ مقتول کا تعلق کرک یونین کونسل پلوسہ سر سے تھا، جس کی شادی کو صرف تین ماہ ہوئے تھے۔

ڈرائیور محمد رشید 16 نومبر 2025ء کو اپنی مہران گاڑی (نمبر 352 ABZ) پر جی-13/4 اسلام آباد سے چند افراد کو 10 ہزار روپے کرائے پر چکوال لے کر روانہ ہوا تھا، سفر کے دوران اس کا موبائل فون آف ہوگیا اور گھر والوں سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا، جس پر اس کے اہل خانہ نے تھانہ سنبل میں گمشدگی رپورٹ درج کرائی۔

بعدازاں پولیس نے 17 نومبر کو مقدمہ اغواء کی دفعہ 365 کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ 19 نومبر کو مقتول کی لاش چکوال کے سنسان علاقے سے ملی۔ پولیس نے لاش تحویل میں لے کر اسلام آباد منتقل کی اور پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کرنے کے بعد مہران گاڑی، نقدی اور موبائل فون چھین کر موقع سے فرار ہوگئے۔ مذکورہ واقعے نے شہریوں خصوصاً ڈرائیور حضرات میں شدید تشویش پیدا کردی ہے۔

پولیس کے مطابق حالات و واقعات کے مطابق واقعہ لوٹ مار کے دوران مزاحمت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم قاتلوں کی گرفتاری کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US