امریکی کانگریس کی رپورٹ پاکستان کی فتح پر مہر ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چار روزہ پاک،بھارت جنگ میں افواجِ پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دے کر دنیا کو حیران کردیا جبکہ امریکی کانگریس کی حالیہ رپورٹ نے اس فتح پر باقاعدہ مہر ثبت کردی ہے۔

آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں دانش اسکول کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے میدان میں پاک فوج نے بھارت کو زناٹے دار تھپڑ رسید کیا جسے امریکی کانگریس نے بھی تسلیم کرلیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر بھی مسلسل اپنی تقاریر میں بھارت کے متعدد طیارے گرائے جانے کا حوالہ دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ائیر فورس اور بری فوج نے صرف چار دن میں بھارتی فوج کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح افواجِ پاکستان کی جرات، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جاندار قیادت اور مضبوط دفاعی حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے امریکی کانگریس کی یو ایس-چائنا اکنامک اینڈ سیکیورٹی کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ مئی میں ہونے والی جنگ میں بھارت کو بدترین شکست ہوئی جبکہ پاکستان نے چینی ہتھیاروں کی مدد سے بھارتی رافیل طیارے مار گرائے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی کامیابی کے بعد انڈونیشیا نے رافیل طیاروں کی خریداری کا منصوبہ بھی منسوخ کردیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا ہے اور دنیا بھر میں ملک کا وقار بڑھا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ جادو ٹونے اور پھونکوں سے ملک نہیں چلتے، ہم معاشی میدان میں بھی شب و روز محنت کر رہے ہیں اور وہ دن آئے گا جب پاکستان قرضوں سے نجات حاصل کرلے گا۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے باغ میں دانش اسکول کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ باغ میں قائم ہونے والا دانش اسکول 23 مارچ 2026 کو باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔فاروڈ کہوٹہ اور وادی نیلم میں بھی دانش اسکول قائم کیے جائیں گے جبکہ بھمبر میں دانش اسکول کا 35 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو تحصیل، رہائش، یونیفارم اور سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ مقامی اساتذہ کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمتیں دی جائیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولز پورے ملک میں اعلیٰ معیار کے تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں جہاں ہزاروں طلبا جدید تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور آئندہ نسلوں کے لیے نئے راستے کھل رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام کی خدمت حکومت کی ترجیح ہے اور پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US