دھمکی آمیز بیان: الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو طلب کرلیا

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو انتخابی ضابطۂ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر کل طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے باضابطہ طور پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ نوٹس میں ان سے ضابطۂ اخلاق کی ممکنہ خلاف ورزیوں پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کے ساتھ ساتھ متعلقہ امیدواروں کو بھی طلب کرلیا ہے جن کے خلاف اسی نوعیت کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت کل دوپہر 12 بجے الیکشن کمیشن میں ہوگی، جہاں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق شواہد اور بیانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل بانی کی بہنوں کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی خواتین محض اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے آئی تھیں مگر انہیں ملنے نہیں دیا گیا، جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انسانی وقار کے بھی خلاف ہے۔

وزیر اعلیٰ نے الزام عائد کیا کہ بانی تحریک انصاف سے کسی سیاسی رہنما، وکیل یا خاندان کے فرد کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو شدید تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی کی بہنوں کو سڑک پر دھکا دیا گیا، ان کی تذلیل کی گئی، اور پنجاب کی جعلی وزیر اعلیٰ کو اس عمل پر شرم آنی چاہیے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے انہیں دوسری خواتین کی عزت کا احساس ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر غیر سیاسی خواتین کے ساتھ یہ سلوک ہو سکتا ہے تو پھر مستقبل میں کسی کو عورت کارڈ استعمال کرنے کا اخلاقی جواز حاصل نہیں ہوگا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے چیف جسٹس کو خطوط بھی لکھے اور کالز بھی کیں، مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ میں سوال کرتا ہوں کہ جب آئینی و جمہوری طریقے سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی، تو پھر پی ٹی آئی اور میں کیا کریں؟ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ بات کرتے ہیں ان پر مقدمات بنا دیے جاتے ہیں، ایف آئی اے میں کیسز درج ہوئے، ان کا پاسپورٹ بلیک لسٹ کردیا گیا اور وہ بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر وہ لوگ جاتے ہیں جنہوں نے قوم کا پیسہ لوٹا ہو۔ میں نے جینا بھی یہیں ہے اور مر کر بھی یہیں دفن ہونا ہے۔ پاکستان میرا ملک ہے، اس سے علیحدگی سوچنے والا غدار ہے۔

سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ 26 نومبر کو یومِ سیاہ کے طور پر منایا جائے گا کیونکہ اس دن ہمارے لوگوں پر گولیاں چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں کیے جانے والے فیصلے ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

اپنے بیان کے تنازع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا۔ میں نے صرف یہ ہدایت دی تھی کہ دھاندلی ہو تو اسے روکنا ہے۔ مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی سزا آئین کے آرٹیکل 6 میں واضح ہے مگر اسے غلط رنگ دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مضبوط ادارے مضبوط ریاست کی علامت ہوتے ہیں، جبکہ لاہور میں ہونے والی کارروائیاں سب دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرامن، آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرتے رہیں گے۔

آخر میں انہوں نے سوال اٹھایا کہ مجھے بتائیں اس ملک میں اصل اختیار کس کے پاس ہے؟


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US