دبئی ائیر شو میں لڑاکا طیارہ تیجس کریش، بھارت کو شدید شرمندگی

image

دبئی میں جاری ائیر شو کے دوران بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تیجس مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا جس کے بعد ایونٹ کا فلائنگ سیشن فوری طور پر روک دیا گیا۔

امریکی اور بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ جمعے کی دوپہر ڈسپلے فلائٹ کے دوران نیچے آ کر زمین سے ٹکرا گیا۔ کریش کے فوراً بعد المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ایک حصے سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے جبکہ ریسکیو ٹیمیں فوری جائے حادثہ کی طرف روانہ ہو گئیں۔

بھارتی سرکاری میڈیا اور غیر ملکی رپورٹس کے مطابق طیارے کے پائلٹ نے ایجیکٹ کیا یا نہیں، اس بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پائلٹ کے زندہ یا ہلاک ہونے کی تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا کوئی اور وجہ تھی۔

مزید یہ کہ حادثے سے چند دن قبل بھی تیجس طیارے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں فیول ٹینک سے تیل لیک ہوتے دیکھا گیا تھا جس نے پہلے ہی سوشل میڈیا پر بھارتی ایئرکرافٹ کے معیار پر سوالات کھڑے کر دیے تھے۔

ترکی کے ایک دفاعی جریدے نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ یہی طیارہ ایک روز قبل ایندھن کے اخراج کا شکار ہوا تھا تاہم بھارتی حکام نے اس بارے میں کوئی سرکاری وضاحت فراہم نہیں کی۔

بھارتی ایئر فورس نے تصدیق کی ہے کہ تیجاس طیارہ دبئی ائیر شو کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے بعد ائیر شو کا فلائنگ ڈسپلے عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

ائیر شو انتظامیہ اور بین الاقوامی ایوی ایشن حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

تیجس طیارہ بھارتی ونگ کمانڈر وکرم سنگھ اڑا رہے تھے جن کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

دبئی ایئر شو میں یہ واقعہ بھارتی فضائیہ کے لیے ایک اور سبکی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے خاص طور پر اس وقت جب طیارے کی کارکردگی پہلے ہی سوالات کی زد میں تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US