وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت تجارت نے پابندی اٹھانے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر او بحال کردیا گیا ہے جبکہ قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کے موجودہ فریم ورک کو برقرار رکھا جائے گا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق فریم ورک میں شفافیت اور خودکار نظام میں مزید بہتری لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ مئی 2025 میں سونے کی اسمگلنگ کی بڑھتی ہوئی شکایات کے بعد وزارت تجارت نے 6 مئی 2025 کو سونے کی درآمد و برآمد پر 60 روز کے لیے پابندی عائد کی تھی۔ اس پابندی کے تحت سونے کی تجارت کو منظم کرنے والا ایس آر او بھی عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔
وزارت تجارت کے مطابق سونے، قیمتی دھاتوں اور جواہرات کی درآمد و برآمد کے لیے اب ضروری دستاویزات فراہم کرنا لازم ہوگا اور تجارت صرف متعلقہ سرکاری اسکیمز کے تحت اجازت کے بعد ممکن ہوگی۔
آپریشنل مسائل کی صورت میں ایک بار کسٹمز اسٹیشن تبدیل کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم اس کے لیے متعلقہ کسٹمز افسر کی منظوری ضروری ہوگی۔علاوہ ازیں برآمد سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی بینک کے ذریعے منتقل ہوگی جو اصل درآمد سے متعلق تھا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پابندی ختم کرنے کا مقصد قانونی تجارت کو بحال کرنا، مارکیٹ کو مستحکم کرنا اور شفافیت میں اضافہ ہے جبکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے نگرانی کا نظام مزید سخت کیا جائے گا۔