اس کا مقصد سوال نہیں بے عزت کرنا تھا۔۔ وردہ ملک نے نازیبا سوال پوچھے جانے پر ریحان طارق کو آڑے ہاتھوں لے لیا

image

"میرا اس کے لیے یہی پیغام ہے کہ جب بھی کسی کو شو میں بلاؤ تو اسے نیچا مت دکھاؤ اور نہ ہی شرمندہ کرو۔ تم نے سستی قسم کی آڈینس بلائی، اور اگر کوئی تم پر بھروسہ کرکے شو میں آتا ہے تو تمہیں چاہیے کہ اسے ایسے لوگوں کے ہاتھوں ذلیل نہ ہونے دو۔ اللہ اُن لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اپنے مہمانوں کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہیں۔ تم نے مجھے عزت سے بلایا، یقین دلایا کہ سب خیال رکھا جائے گا، مگر پھر ایسی آڈینس لے آئے جو بدتمیزانہ سوال کر رہی تھی۔ انہیں روکنے کے بجائے تم نے اُن کی حمایت کی، جیسے یہ سب تمہارے ہی سوال ہوں۔ میں دوبارہ کبھی نہیں جاؤں گی، اور دوسروں کو بھی کہتی ہوں کہ مت جائیں۔ میرے اپنے دوستوں نے بھی انکار کر دیا ہے۔ پانچ لاکھ بھی دے دے پھر بھی نہیں جاؤں گی۔ وہ تو مجھ سے اپنے پوڈکاسٹ کی چیک کی بات بھی کر لیتا میزبان سے زیادہ مجھے انکم ٹیکس آفیسر لگتا ہے۔"

پاکستانی ٹک ٹاکرز کی دنیا اس وقت ایک نئے تنازعے کی لپیٹ میں ہے، اور اس کی مرکزی شخصیت بن چکی ہیں وائرل اسٹار وردہ ملک، جنہوں نے چند دن قبل پوڈکاسٹ ہوسٹ ریحان طارق کو منافق قرار دیا۔ وردہ ملک، جو ٹک ٹاک پر اپنے مزاحیہ اور لپ سنک ویڈیوز کی وجہ سے لاکھوں دلوں میں جگہ بنا چکی ہیں، حال ہی میں ریحان طارق کے پوڈکاسٹ پر مدعو ہوئیں جہاں انہیں تنقیدی، تلخ اور کئی جگہ توہین آمیز سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

اس وقت بھی سوشل میڈیا پر کافی بحث چھڑ گئی تھی، مگر وردہ نے نیا انٹرویو دے کر پورا سچ سامنے رکھ دیا۔ ان کے مطابق، پوڈکاسٹ کا ماحول اس قدر غیر سنجیدہ اور بدتمیزی سے بھرا ہوا تھا کہ انہیں لگا جیسے انہیں مدعو ہی ٹرول کرنے کے لیے کیا گیا ہو۔

وردہ نے بتایا کہ ریحان طارق نے پہلے انہیں یقین دلایا کہ شو میں عزت اور احترام رکھا جائے گا، لیکن شو کے دن ایسی آڈینس بٹھا دی گئی جس کا مقصد صرف سوال نہیں بلکہ تضحیک کرنا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میزبان نے کسی موقع پر نا مناسب سوالات روکنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ عجیب انداز میں ان کی حمایت کی جیسے وہ خود اپنی مہمان کو نیچا دکھانا چاہتے ہوں۔

وردہ ملک نے صاف لفظوں میں اعلان کیا کہ وہ دوبارہ اس شو پر کبھی نہیں جائیں گی اور کہیں بھی دیگر ٹک ٹاکرز اور فنکاروں کو بھی یہی مشورہ دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عزت پیسے سے بڑھ کر ہوتی ہے، اور اگر کوئی میزبان اپنی ذمہ داری اور اخلاقیات کو نہیں سمجھتا تو ایسے پلیٹ فارمز سے دور رہنا ہی بہتر ہے۔

سوشل میڈیا پر اس وقت وردہ ملک کی حمایت میں ایک بڑا طوفان کھڑا ہے۔ صارفین کہہ رہے ہیں کہ پوڈکاسٹ کلچر میں حد سے زیادہ "ہارڈ ہٹنگ" بننے کے چکر میں میزبان انسانی احترام اور مہمان نوازی بھول بیٹھے ہیں۔ کئی لوگ ریحان پر شدید تنقید کر رہے ہیں کہ جس مہمان کو وہ خود دعوت دیتے ہیں، اسی کو تماشہ بنا دیتے ہیں۔

وردہ ملک کا یہ انٹرویو اس وقت وائرل ہو چکا ہے اور اب بحث صرف ایک پوڈکاسٹ تک محدود نہیں رہی، بلکہ یہ مہذب گفتگو، مہمان کا احترام اور پاکستانی ڈیجیٹل میڈیا کے بگڑتے ہوئے معیار کا بڑا سوال بن گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US