بنوں میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

image

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کارروائی خوارج کی موجودگی سے متعلق مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ ترجمان کے مطابق یہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

فوجی ترجمان نے کہا کہ کارروائی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مضبوط اور مربوط تعاون کی عکاسی کرتی ہے، جس کی بدولت حالیہ عرصے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خوارج کی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے مربوط حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ فتنۃ الخوارج کے سہولت کار نیٹ ورک کو تباہ کرنے اور ان کی دوبارہ تنظیم کی صلاحیت کو کمزور بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام" وژن کے تحت بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ دنوں 20 اور 21 نومبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں کیے گئے دو الگ آپریشنز میں بھی 13 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US