رائزنگ سٹارز ایشیا کپ: سپر اوور تک جانے والا سنسنی خیز فائنل اور احمد دانیال کا اعتماد جس نے پاکستان شاہینز کو چیمپیئن بنا دیا

دوحہ کرکٹ سٹیڈیم کی مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ڈگ آؤٹ میں موجود کوچ اعجاز جونیئر کے چہرے کا اطمینان بتا رہا تھا کہ اب اس ایونٹ کی ٹرافی پاکستان شاہینز ہی اُٹھائیں گے۔

رائزنگ سٹارز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں پاکستان شاہینز کی جانب سےدیے گئے 126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 96 رنز پر بنگلہ دیش (اے) کی نو وکٹیں گِر چکی تھیں۔

دوحہ کرکٹ سٹیڈیم کی مہمانوں کی گیلری میں بیٹھے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ڈگ آؤٹ میں موجود کوچ اعجاز جونیئر کے چہرے پر موجود اطمینان بظاہر یہ عندیہ دے رہا تھا کہ اب اس ایونٹ کی ٹرافی پاکستان شاہینز ہی اُٹھائیں گے۔

دوسری جانب پاکستانی شائقینِ کرکٹ قومی پرچم لہرا کر ٹیم کی جیت کا یقین کر بیٹھے تھے جبکہ مایوسی کے عالم میں بنگلہ دیشی فینز گراؤنڈ سے باہر جاتے ہوئے بھی نظر آ رہے تھے۔

ایسے میں 19 ویں اوور کے لیے کپتان عرفان نیازی نے گیند شاہد عزیز کو تھمائی جو تین اوورز میں 27 رنز دے کر اُس وقت تک پاکستان کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہو چکے تھے۔

بنگلہ دیش اے کے ڈگ آوٹ پر بیٹھے مایوس کھلاڑی کسی معجزے کے منتظر تھے اور اُن کی تمام اُمیدوں کا مرکز عبدالغفار ثقلین اور رپن منڈول تھے، جنھوں نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو مایوس نہیں کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے شاہد عزیز کی آگے گِری ہوئی گیندوں کا بھرپور فائدہ اُٹھایا۔ ثقلین نے اس اوور میں دو جبکہ منڈول نے ایک چھکا لگا کر بنگلہ دیش کی امیدیں بڑھا دیں۔

شاہد عزیز کے اوور میں بنگلہ دیش اے کو ملنے والے 20 رنز نے میچ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا اور آخری اوور میں بنگلہ دیش اے کو جیت کے لیے صرف سات رنز درکار تھے۔

ایسے میں کپتان عرفان نیازی نے اپنے سب سے قابل اعتماد بولر احمد دانیال کو گیند تھمائی جنھوں نے عرفان کو مایوس نہیں کیا اور شاندار بولنگ کرتے ہوئے میچ کو سپر اوور تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے۔

سپر اوور کے لیے بھی عرفان نیازی کا انتخاب احمد دانیال ہی تھے جنھیں سپر اوور میں صرف تین گیندیں ہی کروانا پڑیں اور بنگلہ دیش کے دو کھلاڑی آوٹ ہونے پر صرف چھ رنز پر اس کی اننگز کا اختتام ہو گیا۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے سعد مسعود اور معاذ صداقت بیٹنگ کے لیے آئے اور چوتھی گیند پر ہی ہدف حاصل کر کے پاکستان شاہینز نے ریکارڈ تیسری مرتبہ رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کے احمد دانیال کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملا جنھوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 11 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سپر اوور میں بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے چار اوورز میں 11 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

فائنل میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان شاہینز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کی بیٹنگ لائن دوحہ کی مشکل وکٹ میں مشکلات سے دوچار رہی۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے سعد مسعود 38، عرفات منہاس 25 اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جواب میں بنگلہ دیش اے کا آغاز بھی اچھا نہ رہا اور اس کی پانچ وکٹیں صرف 48 رنز پر گر گئیں۔ تاہم رقیب الحسن اور ایس ایم مہروب نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور کو 90 رنز تک پہنچا دیا۔

’احمد دانیال ہیرو ہیں‘

فائنل جیتنے پر پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی پاکستان شاہینز کو مبارکباد دی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں شہباز شریف نے لکھا کہ ’یہ ایک تاریخی جیت ہے۔ پاکستان شاہینز ایشیا کپ رائزنگ سٹارز 2025 کے دوران ناقابل شکست رہے، پرچم بلند کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر رہے ہیں۔‘

پاکستان شاہینز نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، جو ایشیئن کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیں، سے ٹرافی وصول کی۔

محسن نقوی نے ایکس پر لکھا کہ ’کتنی شاندار فتح ہے...ایشیا کپ رائزنگ سٹارز جیتنے پر ٹیم پاکستان کو بہت بہت مبارکباد۔ جوش، مہارت اور عزم کا ایک شاندار مظاہرہ۔ ہمارے نوجوان ستارے واقعی چمک چکے ہیں۔‘

سوشل میڈیا صارفین بھی پاکستان شاہینز کی اس کامیابی پر اُنھیں خوب داد رے رہے ہیں۔

حاجرہ عباسی نے احمد دانیال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’اُنھوں نے آخری اوور میں صرف سات رنز کا دفاع کیا جبکہ سپر اوور میں بھی صرف چھ رنز دیے۔ وہ ہیرو ہیں۔‘

احمر نجیب ستی نے لکھا کہ احمد دانیال نے آج پاکستان اے کو بچا لیا، وہ میرے مین آف دی میچ ہیں۔

شاہ زیب علی نے لکھا کہ ’محنت ہمیشہ رنگ لاتی ہے اور احمد دانیال نے آجبہترین طریقے سے ثابت کر دیا۔ یہ صرف وکٹوں یا کم رنز دینے کی صلاحیت ہی نہیں تھی۔ یہ اعتماد، باڈی لینگویج، اور بڑے لمحات کو اپنا بنانے کی صلاحیت تھی۔‘

ہارون نامی صارف نے تو پی سی بی کو یہ تجویز دے دی کہ پاکستان شاہینز اور پاکستان کی قومی ٹیم کے درمیان ایک میچ کروا کر اسے براہ راست نشر کیا جائے۔ یہ بہترین ہو گا۔

احمد دانیال کون ہیں؟

سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں، جس میں احمد دانیال جم میں بھرپور ٹریننگ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق تین جولائی 1997 کو لاہور میں پیدا ہونے والے احمد دانیال پاکستان کی سینیئر ٹیم کی طرف سے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

اُنھوں نے رواں برس جولائی میں بنگلہ دیش کے خلاف میر پور میں ڈیبیو کیا تھا۔ اس میچ میں اُنھوں نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اُنھوں نے اس میچ میں 11 گیندوں پر 17 رنز بھی بنائے تھے۔ لیکن پاکستان یہ میچ آٹھرنز سے ہار گیا تھا۔

اسی سیریز کے تیسرے میچ میں بھی احمد دانیال نے تین اوورز میں صرف 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ لیکن اس کے بعد اُنھیں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

احمد دانیال پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی جانب سے بھی کھیل چکے ہیں۔

پاکستان ریکارڈ تین مرتبہ کا فاتح

پاکستان شاہینز نے ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے، ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

پاکستان نے اپنے پول میچز میں انڈیا اے، متحدہ عرب امارات اور عمان کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے سیمی فائنل میں بھی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا اے کو شکست دی تھی۔

پاکستان شاہینز کی ٹیم ریکارڈ تین مرتبہ رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ اس سے قبل سنہ 2019 اور سنہ 2023 میں بھی پاکستان شاہینز نے یہ ٹائٹل جیتا تھا۔

سری لنکا اے دو مرتبہ جبکہ انڈیا اے اور افغانستان اے اب تک ایک، ایک مرتبہ یہ ایونٹ جیت چکی ہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US