پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈ کوارٹر پر دہشتگردوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق حملہ صبح 8 بج کر 10 منٹ پر ہوا جس کے بعد سنہری مسجد روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر کے راستہ صدر روڈ کی جانب موڑ دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تین خودکش حملہ آوروں نے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ ایک حملہ آور نے خود کو مرکزی گیٹ پر دھماکے سے اڑایا جبکہ دو حملہ آور اندر داخل ہوئے۔ ایف سی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں حملہ آوروں کو فائرنگ سے ہلاک کر دیا۔
سی سی پی او نے بتایا کہ تینوں خودکش حملہ آور مارے جا چکے ہیں اور ایف سی کے جوانوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے نقصان کو روک لیا۔ انتظامیہ کے مطابق علاقے کو کلیئر کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔