قلعہ سیف اللہ میں غیر قانونی شکار، 4 ملزمان گرفتار، نایاب جنگلی جانور برآمد

image

قلعہ سیف اللہ میں محکمہ جنگلات اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغان اڑیال کا غیر قانونی شکار کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

کارروائی مقامی کمیونٹی کی بروقت اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس کے دوران ملزمان کے قبضے سے شکار کیا ہوا نایاب جانور اور تین رائفلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لورالائی اور دکی سے ہے، جن کے خلاف بلوچستان وائلڈ لائف ایکٹ 2014 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق افغان اڑیال ایک نایاب اور مکمل طور پر محفوظ قرار دیا گیا جانور ہے، جس کی ٹرافی ہنٹنگ کی قانونی قیمت کم از کم 20 ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔

افغان اڑیال نایاب نسل کی جنگلی بھیڑ ہے جو بلوچستان کے پہاڑی علاقوں کے علاوہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک میں پائی جاتی ہے۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے غیر قانونی شکار سے نایاب نسلوں کے تحفظ کے حکومتی اقدامات کو شدید دھچکا پہنچتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US