محکمہ ترقی و منصوبہ بندی خیبر پختونخوا کے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم نے سیلاب سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کی بحالی سے متعلق منصوبہ کے بارے میں انتہائی تشویشناک نوعیت کی مانیٹرنگ رپورٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تفصیلی وضاحت طلب کرلی ہے۔
سرکاری مراسلہ کے مطابق منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں نواب روڈ کی تعمیر و بحالی کے حوالے سے سنگین نوعیت کی رپورٹ جاری کی گئی ہے جسے آن لائن پورٹل پر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ بلدیات کو جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ میں دی گئی نشاندہی اور سفارشات کی روشنی میں معاملے کی تفصیلی انکوائری کی جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا جائزہ لیا جائے۔ تمام اقدامات اور ان پر عمل درآمد کی پیش رفت ڈائریکٹر جنرل (ایم اینڈ ای) کو لازمی طور پر ارسال کی جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام اعتراضات کا جواب اور سفارشات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ 15 دن کے اندر جمع کرانا ہوگی۔ مراسلہ محکمہ بلدیات کے ساتھ ساتھ تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈی آئی خان کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔