گھریلو تشدد اور آن لائن ہراسیت خواتین کے لیے سب سے بڑا خطرہ، اقوام متحدہ

image

اقوام متحدہ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا بھر میں ہر 10 منٹ میں ایک عورت اپنے قریبی شخص کے ہاتھوں قتل ہو جاتی ہے۔یو این او ڈی سی اور یو این ویمن کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں تقریباً 50 ہزار خواتین اور بچیاں اپنے شریکِ حیات یا خاندان کے افراد کے ہاتھوں قتل ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ قتل ہونے والی خواتین میں سے 60 فیصد کو ان کے شوہر، پارٹنر، والد، بھائی یا دیگر قریبی رشتہ داروں نے ہلاک کیا جبکہ مردوں میں یہ شرح صرف 11 فیصد رہی۔ اس کا مطلب ہے کہ روزانہ تقریباً 137 خواتین، یعنی ہر 10 منٹ بعد، گھر یا خاندان میں قتل ہو رہی ہیں۔

اگرچہ رپورٹ میں تعداد گزشتہ سال سے کچھ کم بتائی گئی ہے لیکن اقوام متحدہ کے مطابق گھریلو تشدد اور خواتین کے قتل میں کوئی نمایاں کمی نہیں آئی اور گھر اب بھی خواتین کے لیے سب سے خطرناک جگہ ہے۔

عالمی سطح پر سب سے زیادہ کیسز افریقا میں رپورٹ ہوئے جہاں گزشتہ سال تقریباً 22 ہزار خواتین قتل ہوئیں۔ یو این ویمن کی پالیسی ڈویژن کی ڈائریکٹر سارہ ہینڈریکس نے کہا کہ اکثر قتل کنٹرولنگ رویوں، دھمکیوں اور ہراسانی سے شروع ہوتے ہیں، جن میں اب آن لائن ہراسانی بھی شامل ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ نے خواتین کے خلاف کچھ جرائم بڑھا دیے ہیں جیسے بغیر اجازت تصاویر شیئر کرنا اور ڈیپ فیک ویڈیوز کے نئے خطرات۔ اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے قوانین نافذ کیے جائیں جو آن لائن اور آف لائن تشدد کو روکنے میں مؤثر ہوں اور قاتلوں کا بروقت احتساب ممکن بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US