پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے معاوضے کا اطلاق آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے ہوگا۔
قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ منعقد کیے گئے لسننگ سیشنز میں سامنے آنے والی تجاویز اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاوضے میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ پولیو ورکرز کے معاوضے میں اضافہ ان کی محنت، لگن اور قومی خدمت کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی کوششوں میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں جاری رہے گی، جس کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات اور ان کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔