بلاول بھٹو کا کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے کا مطالبہ، عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کی اپیل

image

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تقریباً آٹھ دہائیاں گزرنے کے باوجود کشمیری عوام اپنے بنیادی حق سے محروم ہیں، جو عالمی انصاف اور انسانی حقوق کے دعوؤں کے لیے ایک بڑا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض زمین کے ایک ٹکڑے کا معاملہ نہیں بلکہ لاکھوں انسانوں کی آزادی، شناخت اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق سے جڑا ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یومِ سیاہ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی مسئلہ کشمیر کو پاکستان کے اصولی مؤقف اور خطے میں پائیدار امن کے تناظر میں ہمیشہ اجاگر کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور کشمیری عوام کے تحفظ کے لیے بیانات سے آگے بڑھ کر ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پائیدار حل اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نکالا جانا چاہیے تاکہ کشمیری عوام اپنی خواہشات کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی قوم کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی جدوجہدِ آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرینگر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا، جو پورے خطے میں امن و استحکام کی نئی امید بنے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US