کراچی،یکم نومبر،:2017 لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ (LKMWT) اور د ی ہنر فاونڈیشن (THF)کے درمیان بنیادی صحت کے متعدد مسائل اور بالخصوص گٹکا کے استعمال کے مضراثرات کے بارے میں آگہی پیدا کرنے اور معاشرہ میں عمومی بیماریوں سے بچاؤکے تحفظ کی غرض سے مہم چلانے کے لیے معاہدہ طے پا گیاہے۔
اس معاہدے کے تحت ’گٹکے کا خاتمہ‘ کے عنوان سے ایک ایونٹ دی ہنر فاؤنڈیشن کے
کراچی میں واقع انسٹی ٹیوٹ میں ہوا جس کا خاص مقصد اسٹوڈنٹس کو گٹکا کھانے کے نقصان
دہ اثرات اور اس لت پر قابو پانے کے لیے احتیاطی اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت
پر زور دینا تھا۔
اس ورکشاپ کی میزبانی لطیف کپاڈیا میموریل ویلفیئر ٹرسٹ کی اعزازی بورڈ ممبرڈاکٹر
دیناز گاندھی نے کی۔ ڈاکٹر گاندھی التمش انسٹی ٹیوٹ کی ایسو سی ایٹ پروفیسر اور آغا
خان یونیورسٹی اسپتال میں کنسلٹنٹ او رَل اینڈ میگزلوفیشیل سرجن ہیں۔لطیف کپاڈیا
میموریل ٹرسٹ کی پروگرام ڈائریکٹر، محترمہ نعیمہ کپاڈیا کے ہمراہ فرمان خان اور
ارسلان خان کے ہمراہ بھی اس ورکشاپ میں شرکت کی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر دیناز گاندھی نے کہا،’’ قوم کی ترقی کے حوالے سے
ہمارے نوجوان ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتے ہیں،لہٰذا اس بات کو یقینی بنانا ہمارا فرض
ہے کہ ہمارے نوجوان بنیادی صحت کے مسائل سے آگاہ ہوں۔ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ یہ
بچے گٹکے اور ایسے ہی دیگر خورنی اشیاء سے درپیش خطرات کو سمجھیں جو نہ صرف ان کو
بیمار کردیتی ہیں بلکہ تعلیمی زندگی میں بھی ان کی پیش رفت میں رکاوٹ کا باعث بنتی
ہیں۔‘‘
لطیف کپاڈیا میموریل ٹرسٹ کی نعیمہ کپاڈیا نے کہا،’’ہم کم مراعات یافتہ آبادیوں تک
اپنی رسائی جاری رکھیں گے تاکہ گٹکے کے استعمال کے بارے میں آگاہی پہنچا سکیں۔ لطیف
کپاڈیا میموریل ٹرسٹ اور دی ہنر فاؤندیشن مل کراچھی صحت کے لیے اپنی آبادیوں کے
نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں تعلیم سے آراستہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘‘
اس موقع پر دہلی مرکنٹائل سوسائٹی ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ،دی ہنر فاؤنڈیشن ، کراچی کے
پرنسپل ایئر کموڈور(ریٹائرڈ) محمد نصیرالدین اور ڈی ایم ایس آئی کے ہی اکیڈمک
کوآرڈینٹیر عبدالرزاق ساندھو بھی موجود تھے۔
ایئر کموڈور(ریٹائرڈ) محمد نصیرالدین نے کہا،’’دی ہنر فاؤنڈیشن نے صحت کے شعبہ کو
ایک پلیٹ فارم مہیا کر دیاہے کہ وہ ہمارے معاشرے میں پائے جانے والے صحت کی دیکھ
بھال کے فوری مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔ دی ہنر فاؤنڈیشن میں ہم نے لطیف
کپاڈیا میموریل ٹرسٹ کو مدعو کیا کہ وہ گٹکے کے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل کے
بارے میں ورکشاپ منعقد کریں اور ٹرسٹ نے فاؤنڈیشن کے اسٹوڈنٹس کوپان، چھالیہ اور
گٹکے کے استعمال سے پیدا ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جو اب سفیر بن کر اس پیغام
کو دیگر خاندانوں اور آبادیوں تک آگے پہنچائیں گے۔
ایونٹ اور ورکشاپ میں اسٹوڈنٹس نے ٹرسٹ او ر فاؤنڈیشن کے اہلکاروں سمیت بڑی تعداد
میں شرکت کی جن کا مقصد ایسے تعاون کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا
تھا۔