‘‘ ہمارے معاشروں سے یہ داغ دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر کوئی اس کے خلاف آواز بلند کرے اور عملی اقدام کرے،’’ گریس شیلٹن
کراچی:امریکی قونصلیٹ میں 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن
منایا گیا اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔
قونصل جنرل گریس شیلٹن نے اس موقع پر خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے تحفظ اور
تشدد سے پاک ماحول میں جینے کے حق کے لیے امریکی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
28 نومبر کو قونصل جنرل گریس شیلٹن نے عورت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ تقریب
میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس تقریب کا عنوان ‘‘اورنج دا ورلڈ، لیٹس گو
ٹوگیدر، نو مور وائلنس’’ تھا۔ امریکی قونصل جنرل، سندھ حکومت، سول سوسائٹی اور
فنون لطیفہ کی تنظیموں کے نمائندوں نے صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کا عزم ظاہر
کیا۔
قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ ‘‘ امریکی حکومت کو سندھ میں صنفی بنیاد
پر تشدد کے متاثرین کی مدد کے لیے سرکاری و غیرسرکاری تنظیموں سے قریبی اشتراک
پر فخر ہے۔’’ امریکی حکومت سندھ میں صنفی بنیاد پر تشدد کے متاثرین کو صحت کی
سہولتوں، تحفظ اور قانونی معاونت کی فراہمی کے لیے اب تک 4 کروڑ ڈالر خرچ کرچکی
ہے۔
گریس شیلٹن نے اس موقع پر بتایا کہ سندھ اور بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے
اداروں کو خواتین پر تشدد کے خاتمے اور متاثرین کی مدد کا اہل بنانے کے لیے
امریکی حکومت نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین سے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت
3 سال میں 35 لاکھ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ امریکی حکومت نے خواتین کے لیے پناہ
گاہوں اور دارالامان میں تربیت اور سامان کی فراہمی کے ذریعے بھی مدد کی ہے۔ ان
دارالامان میں خواتین کو اپنے خلاف ہونے والے جرائم کی رپورٹ کرنے، قانونی مدد
حاصل کرنے اور معاشرے میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے درکار اہلیتیں حاصل کرنے میں
مدد ملتی ہے۔
امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے قونصلیٹ کے فیس بک پیج پر 25 نومبر سے Karachi
Champions Combating Gender-Based Violenceکے نام سے مہم کا آغاز کیا۔ گریس
شیلٹن نے تعارفی کلمات میں بتایا کہ 25 نومبر سے 10 دسمبر تک قونصلیٹ کے فیس بک
پیج پر کراچی کے اسپتالوں، اسکولوں، سرکاری و غیرسرکاری تنظیموں میں خواتین کے
حقوق کے حوالے سے تبدیلی لانے والے نمایاں افراد کے انٹرویو پیش کیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ نے گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں
نارنجی تھیم کا انتخاب کیا ہے اور اس دن پر امریکی قونصل جنرل کی تاریخی رہائش
گاہ اور سندھ اسمبلی کی عمارت نارنجی روشنیوں سے جگمگائی گئیں۔
قونصل جنرل گریس شیلٹن نے فیس بک پیج پر پیغام میں کہا کہ ‘‘ ہمارے معاشروں سے
خواتین پر تشدد کا داغ دور کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہر کوئی اس کے خلاف آواز
بلند کرے اور عملی اقدام کرے، چاہے گھر ہوں یا کام کی جگہ، شہر کے بیچ میں ہو
مضافات میں، صنفی بنیاد پر تشدد کی ہمارے سماج میں کوئی گنجائش نہیں ہونی
چاہیے۔’’