ٹیم میں بہترین کِھلاڑی لیکن مقدّر میں ہار، گزشتہ 4 سال سے کراچی کنگز کی حکمتِ عملی ناکام۔۔۔ کیا اس بار ہونے والا ہے کچھ کمال؟

image

پاکستان سپر لیگ کے پچھلے چاروں سیزن میں کراچی کی ٹیم بہترین کِھلاڑیوں کی وجہ سے ایک مضبوط ٹیم تھی۔ لیکن کِسی بھی سیزن میں یہ ٹیم فائنل راؤنڈ تک نہ پہنچ سکی۔ ٹیم ہر بار ہی دِل و جان سے محنت کرتی ہے جبکہ ٹیم کے مالک سلمان اقبال خود ہر معاملے میں دلچسپی لیتے نظر آتے ہیں۔ ہر سال اس ٹیم کی فین فالوونگ بھی بہت زیادہ ہوتی ہے لہٰذا دعاؤں کی بھی کوئی کمی نہیں رہتی لیکن ان سب کے باوجود جب معاملہ آتا ہے عملی طور پر کچھ کرنے کا تب اِس ٹیم کے سارے حوصلے پست ہو جاتے ہیں۔

اب تک کراچی کنگز کی ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی لیکن اس سال کراچی کنگز کے انداز کچھ الگ سے دِکھائی دے رہے ہیں۔ ٹیم کے ساتھ وسیم اکرم تو پہلے ہی تھے تاہم اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اس سال ڈین جونز بھی اس ٹیم کا حصہ بن چکے ہیں جس سے ٹیم کی حکمتِ عملی میں تبدیلی متوقع ہے۔

بات کریں اگر کراچی کنگز کی بیٹنگ کے حوالے سے تو ٹیم کے پاس بہتریں بلّے باز موجود ہیں۔ بابراعظم کی زبردست فارم چل رہی ہے پِھر ساتھ میں ایلیکس ہیلز ہیں جو کہ ایک خطرناک کِھلاڑی ہیں جبکہ اس بار پاکستانی بیٹنگ لائن کے جارحانہ بیٹسمین شرجیل خان لمبے وقفے کے بعد واپس آئے ہیں اگر وہ اپنی پرانی فارم کے ساتھ میدان میں اتریں گے تو کراچی والوں کے تو مزے ہی ہو جائیں گے۔

اِس کے علاوہ کراچی کنگز کے پاس عامر یامین، عماد وسیم، رضوان جیسے کِھلاڑی بھی موجود ہیں۔

اب بات کرتے ہیں کراچی کنگز کی باؤلنگ کی۔ کراچی کنگز کے پاس بہترین باؤلنگ اٹیک موجود ہے۔ ٹیم کے پاس اس وقت پاکستان کا سب سے بہترین اور کارآمد باؤلر محمد عامر ہے جبکہ کرس جارڈن بھی اب کراچی کنگز کا حصہ ہوں گے۔ اِس کے علاوہ باؤلر علی خان بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ علی خان پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے پہلے امریکی کھلاڑی ہوں گے۔ ایمرجنگ کیٹیگری میں کراچی کی طرف سے میدان میں اترنے والے کِھلاڑی ارشد اقبال بھی کراچی کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ اس بار کراچی کنگز کی ٹیم کون سی نئی حکمتِ عملی کے ساتھ میدان میں اترتی ہے۔ کیا وہ ایک بار پِھر مضبوط ترین ٹیم ہونے کے باوجود پچھلی غلطیاں دوہرائے گی یا اِس بار واقعی کچھ کمال دِکھائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow