کراچی میں ایک ٹریفک حادثے میں نجی ٹی وی کے سابق اینکر جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق، حادثہ شارع فیصل پر آواری ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار گاڑی بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر چڑھ گئی۔ گاڑی میں موجود شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کی رفتار حد سے زیادہ تھی، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔
پولیس حکام نے مرنے والے کی شناخت عبداللہ کے نام سے کی ہے، جو مختلف نجی ٹی وی چینلز میں اینکر کے فرائض انجام دے چکا تھا اور حال ہی میں ایک یوٹیوب چینل سے وابستہ ہوا تھا۔ عبداللہ کا تعلق لائنز ایریا سے تھا، اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
اینکر عبداللہ حسن کی وفات پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل میمن، اور وزیر بلدیات سعید غنی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔