صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ناردرن ایریاز میں بہت نقصان ہوا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے 2010سے بارشیں اور سیلاب دیکھے ہیں، کسی بھی صوبے کو ہماری ضرورت ہوگی تو ہم حاضر ہوں گے۔ جہاں پر امداد اور انتظامیہ کی ضرورت ہوگی ہم مدد کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بھی اگر بڑے اسپیل آئے تو حکومت سندھ مکمل طور پر تیار ہے، پوری انتظامیہ الرٹ ہے اور مشینری بھی موجود ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے افسوس ناک واقعے کی پوری پیپلز پارٹی شدید مذمت کرتی ہے، قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری لوگوں کے لیے آسانی پیدا کرنے جا رہے ہیں۔ آن لائن اور ون ونڈو آپریشن ہوگا۔ پاکستان میں اس وقت کاروبار کے لیے گولڈن موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں بلڈنگ گرنے کے واقعہ پر سخت ایکشن لیا گیا اور تمام مخدوش عمارتوں کو خالی کروایا جا رہا ہے، اب تک 61 انتہائی خطرناک عمارتوں میں سے 59 خالی کروالی گئی ہیں جبکہ غیرقانونی تعمیرات کو توڑا جا رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرائے داروں کو حکومت سندھ چھ ماہ کے کرائے دے رہی ہے، عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ جہاں بھی غیرقانونی تعمیرات ہورہی ہیںاس کے بارے میں بتائیں، غیرقانونی تعمیرات کے ذریعے قیمتی جانوں کو داؤ پر لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو تیزی سے بن رہا ہے، اگست تک جام صادق پل بن جائے گا جو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔