سندھ اسمبلی میں پاکستان کے رنگ چھا گئے۔۔ خواتین اراکین کی سبز و سفید لباس میں شرکت

image

سندھ اسمبلی میں منگل کے روز پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک منفرد اور پُرعزم انداز اپنایا گیا، جہاں خواتین اراکین اسمبلی نے سبز و سفید ملبوسات زیب تن کر کے "فتحِ معرکۂ حق" کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کے مطابق اسمبلی اجلاس کے دوران خواتین اراکین نے سبز و سفید رنگ کے لباس پہن کر وطنِ عزیز سے بھرپور محبت اور وابستگی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اراکین نے ایک دوسرے کو بیجز لگائے اور قومی پرچم تقسیم کیے، جس سے ایوان کا ماحول ملی جوش و جذبے سے بھر گیا۔ سعدیہ جاوید نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے حالیہ دنوں میں دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے کے بعد قوم میں نیا ولولہ پیدا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت 14 اگست کو جوش و خروش سے منائے گی، تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ وطن کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر ہر سازش کا منہ توڑ جواب دے گی۔ ترجمان نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی یہ علامتی یکجہتی صرف ایک روایت نہیں بلکہ ملک سے محبت اور یکجہتی کے ناقابلِ شکست عزم کا عملی مظاہرہ ہے۔ اس موقع پر ایوان میں موجود دیگر اراکین نے بھی خواتین اراکین اسمبلی کے اس جذبے کو سراہا اور اسے وطن سے وفاداری کی ایک مثبت علامت قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US