عوام سڑکوں پر غیر محفوظ، پولیس افسران پر حکومت سندھ کی نوازشات

image

ایک جانب سندھ بھر میں عوام ڈاکوؤں، لٹیروں اور اغواء کاروں کے رحم و کرم پر ہیں تو دوسری جانب حکومت سندھ نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ افسران کے لیے سہولیات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ کراچی میں ایس ایس پیز اور ڈی آئی جیز کے لیے 20 نئے فلیٹس تیار کر لیے گئے ہیں جنہیں جلد الاٹ کیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے ان فلیٹس میں یوٹیلٹی سروسز (بجلی، گیس اور پانی) کی فراہمی کے لیے فنڈز کی منظوری طلب کر لی ہے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر پولیس ورکس نے اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ کو خط بھی لکھ دیا ہے، جس میں 52 لاکھ 54 ہزار روپے کی رقم کی فراہمی کی درخواست کی گئی ہے تاکہ بجلی اور گیس کے کنیکشن حاصل کیے جا سکیں۔

یہ منصوبہ مالی سال 26-2025ء میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے مذکورہ رقم کی منظوری دے دی ہے جبکہ محکمہ خزانہ نے بھی ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے اجازت دے دی ہے۔ اب محکمہ خزانہ سے کہا جا رہا ہے کہ وہ مطلوبہ فنڈز فوری جاری کرے تاکہ عمارت کو مکمل کر کے محکمہ داخلہ کے حوالے کیا جا سکے۔

اس وقت بوٹ بیسن پر 40 فلیٹس میں پولیس کے اعلیٰ افسران رہائش پذیر ہیں۔ نئے تیار کردہ فلیٹس ان افسران کو الاٹ کیے جائیں گے جنہیں تاحال سرکاری رہائش فراہم نہیں کی گئی۔

دوسری جانب سندھ بھر میں خصوصاً کراچی، لاڑکانہ، شکارپور اور کشمور سمیت دیگر علاقوں میں جرائم میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ اغواء برائے تاوان کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے عوام سڑکوں پر غیر محفوظ ہیں اور پولیس افسران کے لیے لگژری رہائشیں دی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US