ملک بھر میں آج سے موسلا دھار بارشیں ہوں گی، الرٹ جاری

image

محکمہ موسمیات نے آج سے 2 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہفتے سے منگل تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اسی طرح پنجاب کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع بشمول لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، جہلم اور اٹک میں 30 اور 31 اگست کو شدید بارشوں کا امکان ہے اور وسطی اور جنوبی پنجاب میں ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، لیہ، بھکر اور دیگر اضلاع میں 29 سے 31 اگست تک بارشیں متوقع ہیں۔

خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور اور مردان سمیت دیگر اضلاع میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوں گی محکمہ موسمیات نے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

آزاد کشمیر میں مظفرآباد، باغ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر سمیت کئی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے اور گلگت بلتستان میں بارش کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے ملک بھر کے لیے 29 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ علاوہ ازیں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US