سوات: زمرد کی کان بیٹھنے کا واقعہ، 4 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا

image

سوات کے علاقے ملوک آباد میں زمرد کی کان بیٹھنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کا کئی گھنٹوں پر مشتمل ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ حادثے کے وقت تقریباً 900 فٹ گہرائی میں پھنسنے والے چاروں مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق مزدوروں کو نکالنے کے لیے انتہائی مہارت، جدید آلات اور بروقت حکمت عملی استعمال کی گئی۔ ریسکیو اہلکار تقریباً 880 فٹ کی گہرائی تک پہنچ چکے تھے جہاں سے مزدوروں کی جانب سے سگنلز موصول ہو رہے تھے جس کے بعد کامیاب ریسکیو ممکن ہو سکا۔

ریسکیو آپریشن میں سوات کے 40 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا، جو چار چار افراد کے گروپس میں کان میں اتر کر کام کر رہے تھے۔ ان میں ڈیزاسٹر ریسکیورز، فائر ریسکیورز، اور میڈیکل ٹیکنیشنز شامل تھے۔ ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ اہلکاروں کے علاوہ بونیر، پشاور اور نوشہرہ سے 6 ماہر مائن ریسکیو ایکسپرٹس بھی طلب کیے گئے تھے۔

حادثہ سوات کی تحصیل مینگورہ کے علاقے شاہدرہ وتکے میں پیش آیا جہاں زمرد کی کان بیٹھنے سے مزدور دب گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور اندھیرے اور ملبے کے باوجود امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔

ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد تمام مزدوروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ترجمان کے مطابق مزدوروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US