کراچی: گاڑیوں کی رجسٹریشن اور چالان کی آن لائن ادائیگی کا نظام قائم ، کابینہ کو بریفنگ

image

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹ، ثقافت، صنعت، خصوصی افراد اور تعلیمی شعبے سے متعلق متعدد امور پر بریفنگز دی گئیں اور اہم فیصلے کیے گئے۔

سینئر وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کابینہ کو گاڑیوں کی فٹنس انسپیکشن سینٹرز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں اس وقت 92 لاکھ گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں مگر معیاری فٹنس نظام نہ ہونے کے باعث مؤثر فزیکل انسپیکشن ممکن نہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے ڈیجیٹائزڈ موٹر وہیکل انسپیکشن سسٹم کا آغاز کر دیا ہے اور اب فٹنس سرٹیفکیٹس میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا جا رہا ہے اور رجسٹریشن اور چالان کی آن لائن ادائیگی کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔ اب تک 33 ہزار سے زائد گاڑیاں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کر چکی ہیں۔

صوبائی وزیر نے بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں 5 مقامات سمیت، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد میں بھی فٹنس سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں فٹنس سرٹیفکیٹس کا اجرا کمرشل اور ہیوی گاڑیوں کے لیے ہوگا۔کابینہ نے یہ کام واہ انڈسٹریز کو سونپنے کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے نیا پروپوزل تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔

وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ نے کابینہ کو بریفنگ میں بتایا کہ 2008 میں این ای ڈی یونیورسٹی کے سروے کے مطابق 2264 عمارتیں ورثہ قرار دی گئیں اور 18-2017 میں مزید سروے کے بعد یہ تعداد 3371 ہو چکی ہے انہوں نے آگاہ کیا کہ تین ماہر کمیٹیوں کی تشکیل کی تجویز دی گئی ہے جو ان عمارتوں کی موجودہ حالت کا جائزہ لیں گی اور سفارشات پیش کریں گی۔

وزیر صنعت اکرام دھاریجو نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹیکسٹائل سٹی لمیٹڈ کا قیام مئی 2004 میں 1250 ایکڑ زمین پر ہوا تھا۔سندھ حکومت نے 6000 ایکڑ زمین پورٹ قاسم اتھارٹی کو دی تھی اور 16% شیئرز کے بدلے 471 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن منصوبہ 70 فیصد مکمل ہونے کے باوجود گیس کی فراہمی نہ ہونے کے باعث شروع نہ ہو سکا۔وزیراعلیٰ نے معاملے کے جائزے کے لیے وزیر صنعت، وزیر قانون اور سلیم بلوچ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ کابینہ نے سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (ترمیمی) بل 2015 میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ترمیم کے بعد حکومت کو گریڈ 19 یا 20 کے افسر کو بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کا اختیار حاصل ہوگا بورڈز میں متوازن نمائندگی یقینی بنانے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی بھی قائم کر دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ منصوبہ جات اور پالیسی فیصلوں پر عملدرآمد کی رفتار بڑھائی جائے اور عوامی فلاح کو ترجیح دی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US