کراچی: ایم ڈی کیٹ کا امتحان اب آئی بی اے سکھر لے گا

image

سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد اب صوبے کی یونیورسٹیز کے بجائے آئی بی اے سکھر کرے گا۔ کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ گزشتہ ایم ڈی کیٹ امتحانات میں بے ضابطگیوں کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کے اجلاس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کی نئی پالیسی پر غور کیا گیا ہے جس کے تحت داخلے کا عمل پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں کے لیے یکساں بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نئی پالیسی کا مقصد داخلوں کے عمل کو مزید شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے جبکہ اس عمل کو ریگولیٹ کرنے کی ذمہ داری محکمہ صحت کے پاس ہوگی۔

اعداد و شمار کے مطابق سندھ کے پبلک سیکٹر میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی 2550 اور بی ڈی ایس کی 500 نشستیں دستیاب ہیں جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں ایم بی بی ایس کی 1441 اور بی ڈی ایس کی 2025 نشستیں موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داخلہ پالیسی میں شفافیت اور میرٹ ہماری اولین ترجیح ہے اور پیپلز پارٹی حکومت تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US