اسلام آباد : علماء کا احتجاج رنگ لے آیا، حکومت کا مدنی مسجد کی دوبارہ تعمیر کا وعدہ

image

اسلام آباد میں گزشتہ رات منہدم کی گئی مدنی مسجد کا معاملہ شدت اختیار کر گیا اور جڑواں شہروں کے علماء نے سخت احتجاج کے ساتھ مسجد خود تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا۔

پیر کے روز احتجاج کے ساتھ ساتھ لوگوں کو راول ڈیم کے قریب مرکزی شاہراہ پر واقع مدنی مسجد کے ملبے پر جمع ہونے کی کال کے بعد ہزاروں لوگ جمع ہوگئے اور پولیس کے ساتھ کشیدگی پیدا ہوگئی، اس موقع پر پولیس اہلکاروں کی بھی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

علماء ایکشن کمیٹی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بعد اعلان کیا کہ حکومت نے علماء کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے دیگر درجنوں مساجد کو گرانے کے نوٹس واپس لینے اور مدنی مسجد کو اسی مقام پر ازسرنو تعمیر کرنے کا وعدہ کیا ہے جس کے لیے دو دن کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

تاحال مذکورہ مسجد گرائے جانے کے حقیقی اسباب کا علم نہیں ہو سکا کیونکہ مسجد سے ملحقہ مدرسہ اتفاق رائے سے گرا کر دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا تاہم رات گئے مسجد بھی گرا دی گئی جس کے باعث دارالحکومت میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US