پولیس نے اورنگی ٹاؤن میں تاجر قتل کیس کا معمہ حل کرلیا۔۔ اجرتی قاتل گرفتار

image

ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے تاجر کے اندھے قتل کا معمّہ حل کرتے ہوئے مرکزی فائرر سمیت دونوں اجرتی قاتلوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے 18 اگست کی صبح اورنگی ٹاؤن شاداب گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کرکے محمد نعیم ولد محمد شبیر نامی تاجر کو قتل کیا۔ اس واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 319/2025 بجرم دفعہ 302/34 ت پ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ اورنگی میں درج کیا گیا۔ ایس ایچ او پاکستان بازار نے موصولہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والے دو غیر قانونی اسلحے بمعہ ایمونیشن اور زیرِ استعمال موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔

گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ مقتول کے قتل کی سپاری اور صبح گھر سے نکلنے کی اطلاع اسی کے ساتھ مارکیٹ میں کام کرنے والے تاجر نے فراہم کی تھی۔ اعترافی بیان میں بتایا گیا کہ مقتول جب اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے کے لیے نکلا تو اسی وقت اس کا تعاقب شروع کیا گیا اور واپسی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق قتل کی سازش کرنے والے مرکزی ملزم کی ملاقات قاتلوں سے کالا علم کرنے والے ایک بابا کے اڈے پر ہوئی، جہاں قتل کی منصوبہ بندی طے پائی۔ ساتھی تاجر نے ذاتی عناد کی بنیاد پر یہ قتل کرانے کی سپاری ڈیڑھ لاکھ روپے میں دی تھی، جس میں سے وہ ایک بار 30 ہزار اور بعد میں مزید 20 ہزار روپے (مجموعی طور پر 50 ہزار روپے) قاتلوں کو ادا کر چکا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مزید غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ سازش کے مرکزی کردار کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزمان میں محمد نوید عرف شاکر ولد نہال (فائرر) اور محمد عمر ولد عمران (رائیڈر) شامل ہیں، جنہیں سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US