سیلابی صورتحال : کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس آج کے لیے منسوخ

image

موجودہ سیلابی صورتحال کے باعث کوئٹہ سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس کو آج کے لیے منسوخ کردیا گیا۔

پاکستان ریلویز حکام کے مطابق پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی آج کے لیے جیکب آباد میں منسوخ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ریلویز کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ، لاہور اور گرد ونواح میں شدید بارشوں کے باعث متاثر ہونے والے ریلوے ٹریکس کو کلیئر کر دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان ریلوے نے لاہور تا راولپنڈی مین لائن ون پر ٹرین آپریشن بدھ کو دن کے وقت سے مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔

ریلوے ترجمان کے مطابق مین لائن ون کی ٹریفک معمول کے روٹس کے مطابق بحال کر دی گئی ہے، راولپنڈی جانے والی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ راستوں پر بجانب منزل روانہ ہوں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا۔ منگل کو پیش آنے والی صورتحال کے پیش نظر متعدد ٹرینیں منسوخ اور بعض کو متبادل راستوں پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

سبک خرام 103-اپ اور اسلام آباد ایکسپریس 107-اپ کو منسوخ کر دیا گیا، مسافروں کو ریفنڈ دیا گیا۔ کراچی سے لاہور آکر مارگلہ جانے والی گرین لائن 5-اپ کو لاہور تک محدود کر دیا گیا جبکہ راولپنڈی جانے والے مسافروں کو تیزگام 7-اپ میں ایڈجسٹ کیا گیا تھا۔ تیزگام 7-اپ کو متبادل راستے یعنی شاہدرہ، سانگلہ ہل، شاہین آباد، سرگودھا سے گزار کر راولپنڈی بھیجا گیا۔

سیالکوٹ ایکسپریس 171-اپ / 172-ڈاؤن بھی منسوخ کر دی گئی، مسافروں کو ریفنڈ فراہم کیا گیا۔ تیزگام 8-ڈاؤن، جعفر ایکسپریس 40-ڈاؤن، عوام ایکسپریس 14-ڈاؤن، گرین لائن 6-ڈاؤن، رحمان بابا ایکسپریس 48-ڈاؤن کو لالہ موسی، سرگودھا، شاہین آباد، فیصل آباد، شورکوٹ کے راستے خانیوال بھیجا گیا۔ کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل 1-اپ کو لاہور، شاہدرہ، شیخوپورہ، شاہین آباد، سرگودھا، ملکوال کے راستے لالہ موسی سے گزار کر پشاور بھیجا گیا۔

لاہور سے خانیوال کے لیے براستہ ساہیوال دو شٹل ٹرینیں چلائی گئیں تاکہ متاثرہ مسافروں کو منزل تک پہنچایا جا سکے۔ ریلوے حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ شیڈول اور دیگر معلومات کے لیے ریلوے انکوائری نمبرز 042-117 اور 042-99070011 پر رابطہ کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US