بی این پی کے جلسہ میں بم دھماکے کی مذمت : نیشنل پارٹی کا 3 روزہ سوگ کا اعلان

image

نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں سردار عطاء اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر جلسہ عام کے بعد ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران نیشنل پارٹی کی تمام سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں معطل رہے گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دھماکا نہ صرف جمہوری و سیاسی عمل پر قدغن ہے بلکہ بلوچستان کی قومی جدوجہد کو روکنے کی منفی پالیسی کا تسلسل بھی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

نیشنل پارٹی نے سانحے کے موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس المناک سانحے پر انتہائی افسردہ ہے۔ بیان میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا گیا۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے گزشتہ روز بی این پی کے جلسے میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا اور سیاسی جلسے جلوسوں کو دہشت گردی کے ذریعے ڈرایا نہیں جاسکتا۔

صوبائی وزیر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ دہشت گردانہ کارروائی جمہوریت اور قومی اتحاد پر حملہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا، "یہ المناک واقعہ ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ ہم دہشت گردی کی ہر کارروائی کا مقابلہ باہمی اتحاد اور عزم سے کریں گے۔"

محترمہ راحلہ حمید خان دورانی نے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US