وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے سرکاری ٹی وی کے اینکر کے خلاف کارروائی کے لیے وفاقی وزیر اطلاعات کو خط ارسال کردیا۔
صوبائی وزیر نے خط پی ٹی وی کے اینکر رضوان رحمان کی جانب سے سندھ کے عوام کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ رضوان رحمان نے موجودہ سیلابی صورتحال پر حقائق کی بجائے لسانی سوچ کو ظاہر کیا، قدرتی آفات، موسمیاتی تبدیلی پر تمام حکومتیں مل کر کام کررہی ہیں۔
سید ذالفقار علی شاہ کا کہنا ہے کہ اس چیز کو بنیاد بنا کر سندھ اور سندھ کی عوام کو نشانہ بنایا گیا، اینکر کی جانب سے اس قسم کی گفتگو نا صرف سندھ بلکہ قومی یکجہتی کے خلاف سازش ہے، متعلقہ اینکر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسی مثال قائم کی جائے جس سے کوئی بھی آئندہ کسی صوبے عوام یا کسی کی ثقافت کے خلاف اس طرح گفتگو نہ کرسکے۔