گارڈن میں گٹر کی صفائی کے دوران جاں بحق ہونے والے 3 افراد کون تھے؟

image

کراچی: گارڈن عثمان آباد صدیق وہاب روڈ کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا جس میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق 4 افراد گٹر میں گر گئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو بے ہوشی کی حالت میں زندہ نکال لیا، جبکہ بعد میں مزید دو افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت وشال ولد جورج (22 سالہ)، شاہر ولد خورشید (19 سالہ) اور جورج ولد نامعلوم (42 سالہ) کے نام سے ہوئی ہے۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا اور ضروری کارروائی کے بعد ایدھی موسیٰ لین سردخانہ پہنچا دیا گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں افراد خاکروب تھے اور آپس میں باپ بیٹے تھے جو 15 ہزار روپے کے عوض صفائی کے لیے گٹر میں اترے تھے، تینوں افراد کو نکالنے کے لیے واٹر کارپوریشن کی گاڑیوں میں مبینہ طور پر رسیاں تک نہیں تھیں۔

واقعہ تھانہ گارڈن کی حدود میں پیش آیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US