کراچی سے روانہ ہونے والی کوئلہ بردار ٹرین جھمپیر کے قریب، کراچی سے 157 کلومیٹر کے فاصلے پر، بھولاری اور میٹنگ اسٹیشن کے درمیان حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 13 ویگنز پٹری سے اتر گئیں۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور صورتحال کو کنٹرول میں لے لیا۔ ریلیف ٹیمیں، انجینئرنگ اور آپریشنل اسٹاف ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ڈاؤن لائن پر سنگل لائن ورکنگ کے ذریعے ٹرین آپریشن محفوظ طور پر جاری ہے، جبکہ اپ لائن کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور امکان ہے کہ یہ کام آج شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ڈویژنل افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو شفاف طریقے سے انکوائری کر کے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
پاکستان ریلوے نے مسافروں کو پیش آنے والی عارضی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ حفاظت، بحالی اور بروقت سروس کی بحالی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔