کراچی: میمن گوٹھ کے علاقے میں تین خواجہ سراؤں کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کی لاشیں زمین پر پڑی ہوئی تھیں، جبکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق انہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
پولیس نے مقتولین کی شناخت عینی، اسما اور سمیرا کے ناموں سے کرلی ہے۔ ٹرانسجینڈر ایکٹوسٹ زہرش کے مطابق تینوں مقتولین گزشتہ شام گداگری کے لیے گھر سے نکلے تھے اور جب رات گئے تک واپس نہ آئے تو ان کے گرو نے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر تینوں کے فون بند تھے۔
لاشیں ملنے کی اطلاع کے بعد خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی اور واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کی قیادت خواجہ سرا رہنما بندیا رانا نے کی اور شرکاء نے خواجہ سراؤں کی ٹارگٹ کلنگ روکنے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کے مطالبے پر مشتمل نعرے لگائے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔