برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے اپنے بھائی پرنس اینڈریو کو ان کے باقی شاہی القابات سے محروم کردیا اور جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ  تعلقات پر انہیں شاہی رہائش گاہ سے بے دخل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق بادشاہ چارلس نے جمعرات کو یہ اقدام شہزادہ اینڈریو کے خلاف کارروائی کے لیے کئی ہفتوں کے دباؤ کے بعد کیا ہے۔ اس اقدام کے نتیجے میں بادشاہ کے چھوٹے بھائی اینڈریو مانٹ بیٹن ونڈسر کہلائیں گے اور پرنس کا لقب استعمال نہیں کرسکیں گے، انہیں ونڈسر کیسل کے قریب اپنی رائل لاج   کو خالی کرنا پڑے گا۔
جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ دوستی کے نئے انکشافات اور ایپسٹین کے متاثرین میں سے ایک، ورجینیا رابرٹس جیفرے کی طرف سے جنسی زیادتی کے الزامات کے بعد شہزادے کو شاہی محل سے بے دخل کرنے کا مطالبہ بڑھتا جا رہا تھا۔ اینڈریو کو پرنس کا لقب بادشاہ اور  ملکہ الزبتھ دوم کا بیٹا ہونے کی وجہ سے پیدائشی طور پر حاصل  تھا۔ 
اس حوالہ سے شاہی محل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کے خیالات اور انتہائی ہمدردی کسی بھی اور ہر قسم کی زیادتی کے متاثرین کے ساتھ رہی ہے، اور رہے گی۔ برطانیہ کی تاریخ میں اس سے قبل کسی شہزادے سے یہ لقب آخری بار 1919 میں شہزادہ ارنسٹ آگسٹس سے پہلی جنگ عظیم کے دوران جرمنی کا ساتھ دینے پر واپس لیا گیا تھا۔ 
شہزادے کی طرف سے 17 سال کی عمر میں زیادتی کا نشانہ بنائی جانے والی خاتون ورجینیا رابرٹس جیفرے نے 41 سال کی عمر میں خودکشی  کرلی تھی۔ انہوں نے اس بات کا انکشاف اپنی کتاب "Nobody's Girl" میں کیا ہے۔ ورجینیا رابرٹس جیفرے کے بھائی نے اینڈریو کے خلاف شاہی محل کے اقدام کو سراہا ہے۔ 65 سالہ اینڈریو ایک طویل عرصے تک اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے رہے لیکن نومبر 2019 میں ایک انٹرویو کے بعد صورتحال میں ڈرامائی تبدیلی آئی۔
انہوں نے 2022 میں نیویارک میں اپنے خلاف دیوانی مقدمہ دائر ہونے کے بعد اسی سال آؤٹ آف کورٹ تصفیہ کے تحت لاکھوں پاؤنڈ کی ادائیگی کی۔ بادشاہ کے اقدام کے بعد اینڈریو اب شہزادہ نہیں رہیں گے، وہ ہز رائل ہائینس، ڈیوک آف یارک، ارل آف انورنس یا بیرن کلیلیگ کے القابات استعمال نہیں کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ ان سے میں آرڈر آف دی گارٹر اور وکٹورین آرڈر کے نائٹ گرینڈ کراس جیسے اعزازات بھی واپس لے لیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اینڈریو وہ اپنی ماں ملکہ ایلزبتھ کے پسندیدہ بچے اور برطانوی شاہی خاندان کا پوسٹر بوائے رہ چکے ہیں، ان کے متعدد ماڈلز اور اسٹارلیٹس سے رومانوی روابط بھی منظر عام پر آچکے ہیں۔ بادشاہ کے اس اقدام کے بعد اینڈریو شمال مشرقی ساحل کے قریب بادشاہ کی سینڈرنگھم سٹیٹ میں ایک پراپرٹی میں چلے جائیں گے اور اپنے بھائی سے نجی مالی مدد حاصل کریں گے۔ ان کی سابقہ بیوی سارہ فرگوسن جو ان کے ساتھ 30 کمروں کی حویلی میں رہ رہی تھیں، کو نیا گھر تلاش کرنا پڑے گا۔