امریکا اور بھارت کے درمیان 10 سالہ دفاعی معاہدہ ہو گیا

image

امریکا اور بھارت کے درمیان 10 سالہ دفاعی فریم ورک معاہدہ طے پا گیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون، تکنیکی اشتراک اور معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنائے گا۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ علاقائی استحکام، دفاعی ڈیٹرنس اور مشترکہ سلامتی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

معاہدے پر دستخط کوالالمپور میں ہونے والی آسیان ڈیفنس منسٹرز میٹنگ-پلس کے موقع پر ہوئے۔ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ امریکا اور بھارت کے دفاعی تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں اور یہ شراکت داری دنیا کی سب سے اہم دفاعی شراکت داریوں میں سے ایک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دفاعی ہم آہنگی، تکنیکی تعاون، انٹیلیجنس شیئرنگ اور تربیتی پروگراموں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ خطے میں سلامتی اور توازن برقرار رکھا جا سکے۔امریکی وزیر دفاع نے اس معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں افواج کے درمیان مستقبل میں گہرے اور بامعنی تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔

یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکا اور بھارت کے تعلقات میں تجارتی کشیدگی دیکھی گئی تھی تاہم دفاعی معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات میں ایک نئے دور کے آغاز کی علامت سمجھے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US