سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو عمرہ پر جانے سے روکنے کے معاملے پر نیا موڑ آگیا۔ شیخ رشید احمد نے اس اقدام کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی ہے۔
درخواست شیخ رشید کی جانب سے ان کے وکیل سردار عبدالرزاق خان نے جمع کرائی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز عدالت کے واضح حکم کے باوجود امیگریشن حکام نے انہیں اسلام آباد ائیرپورٹ پر روک کر سعودی عرب جانے سے روک دیا، جو کہ عدالت کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے بیرونِ ملک سفر کی اجازت دی تھی، تاہم امیگریشن نے اس اجازت پر عملدرآمد نہیں کیا۔
شیخ رشید نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ذمہ دار حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور انہیں عمرہ کی ادائیگی کے لیے فوری طور پر سفر کی اجازت دی جائے۔